لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ نے موٹر وے پر بد اخلاقی کے مقدمہ کے مرکزی مجرم عابد ملہی کی سزائے موت کے خلاف دائر اپیل پر سماعت بغیر کارروائی کے غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ دو رکنی بنچ کی کاز لسٹ منسوخ ہونے کے باعث کارروائی ملتوی کی گئی ہے۔ عدالت نے مدعی سردار شہزاد اور پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔ رجسٹرار آفس کو اپیل کا مکمل ریکارڈ پراسیکیوٹر کو فراہم کرنے کی ہدایت بھی دے رکھی ہے۔ مجرم عابد ملہی کی جانب سے سزا کالعدم قرار دینے پر بریت کی اپیل دائر کی گئی ہے۔ گزشتہ روز ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل پنجاب ارشد فاروقی عدالت میں پیش ہوئے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مجرم عابد ملہی کو خاتون سے موٹر وے پر بد اخلاقی کیس میں سزائے موت سنا رکھی ہے۔ اغوا ء کا جرم ثابت ہونے پر مجرم عابد ملہی کو عمر قید کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔
موٹروے بداخلاقی کیس‘ عابد ملہی کی سزائے موت کے خلاف سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
Feb 15, 2022