پاک بحریہ کے جہاز اصلت کا مسقط کی بندرگاہ کا دورہ ،اعلی حکام نے استقبال کیا

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کے جہاز اصلت نے شمالی بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پٹرول پر تعیناتی کے دوران عمان کی بندرگاہ مسقط کا دورہ کیا ۔ مسقط آمد پر ڈائریکٹر میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر  (عمان) اور رائل نیوی آف عمان کے حکام نے جہاز کا استقبال کیا ۔دورے کے دوران، پی این ایس اصلت کے کمانڈنگ آفیسر نے عمان کے ڈائریکٹر میری ٹائم سیکورٹی سینٹر اور ڈی جی آپریشنز اور پلانز سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے عمان کی عوام اور عمانی بحریہ کے لئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ۔ بندرگاہ کے دورے کے دوران پیشہ وارانہ امور پر مذاکرات اور دو طرفہ ملاقاتوں کا انعقاد کیا گیا۔  
 

ای پیپر دی نیشن