اسٹرابیری سے کئی موذی امراض سے بچاؤ ممکن ہے:طبی ماہرین

طبی ماہرین کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ موسم کے پھل صحت پر حیرت انگیز فوائد مرتب کرتے ہیں ان کو کھانے سے کئی موذی امراض سے بچاؤ بھی ممکن ہے۔لذیذ کھٹا میٹھا، بچے بڑوں سب ہی کی پسند پھل اسٹرابیری آج کل ہر مارکیٹ میں با آسانی دستیاب ہے، دل کی شکل اور لال رنگ کے اس پھل کے استعمال سے دل سمیت مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔دنیا بھر میں اسٹرابیریز کی 600سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں جبکہ اس پھل کی بڑی تعداد میں پاکستان میں بھی افزائش ہوتی ہے جس میں سالہا سال اضافہ ہو رہا ہے۔ماہرین غذائیت کی جانب سے اسٹرابیری کو صحت کی ضمانت قرار دیا جاتا ہے، اسٹرابیری کا استعمال میٹھی غذاؤں جیسے کے آئسکریم، ملک شیک اور دیگر مشروبات کا ذائقہ بڑھانے کے لیے کیا جاتا ہے، اسٹرابیری کا روزانہ استعمال نہ صرف انسانی قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ انسانی جسم کو مضر صحت مادوں سے پاک کر کے صحت پر اچھا اثر ڈالتا ہے۔ماہرین کے مطابق اس میں موجود مختلف ایسڈک خصوصیات اور فلیونوائڈز مل کر مضبوط اینٹی آکسیڈنٹ فراہم کرتے ہیں جو کہ دل کے لیے مفید قرار دیئے جاتے ہیں، اسٹرابیری کا استعمال ایسے خراب کولیسٹرول کے اثرات کو کم کرتا ہے جو شریانوں میں خون کو گاڑھا کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ماہرین کی جانب سے دل کی بیماریوں سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ اسٹرابیری کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔غذائی ماہرین کے مطابق اسٹرابیری وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، ماہرین کے مطابق انسانی جسم اس وٹامن کو بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور یہی وجہ ہے اسے غذا کے ذریعے حاصل کرنا ضروری ہے، وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط اور طاقت ور بناتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن