اسلام آ باد (نوائے وقت رپورٹ ) پاکستانی ایتھلیٹ محمد کریم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں یان چنگ اولمپک ویلیج میں عالمی معیار کی سروسز ، سہولیات اور مہمان نوازی سے متاثر ہو ا ہوں۔ چائنہ اکنامک نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد کریم نے کہا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس میں ہر قسم کے شعبوں میں زبردست انتظامی معیارات ہیں اور وہ یہاں ان تمام سہولیات اور سروسز سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ پاکستانی ایتھلیٹ نے تعریف کرتے ہوئے کہا اب تک میں نے یہاں کھانے، سکی سہولیات اور دیگر سروسز جیسا تجربہ کیا ہے، وہ عالمی معیار سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انفراسٹرکچر، چیئر لفٹ اور دیگر سہولیات دنیا میں بلند ترین سطح کو چھو رہی ہیں۔ کریم نے پہلے ہی روس کے شہر سوچی، اورجنوبی کوریا کے شہر پیونگ چانگ میں ہونے والے دو سرمائی اولمپکس میں شرکت کی اور کئی بین الاقوامی مقابلوں اور تربیت میں شرکت کی، اس کے پاس وسیع بین الاقوامی تجربہ ہے۔ محمد کریم نے کہا ہم پاکستان میں سرمائی کھیلوں کے لیے ایسی سہولیات بنا سکتے ہیں کیونکہ ہمارے پاس پہاڑ ہیں، سرد موسم ہے اور ہمارے پاس افرادی قوت ہے۔ اگر ہم عالمی اولمپکس کی سطح پر یہ نہیں کر سکتے تو کم از کم ایشیائی سطح پر تو کر سکتے ہیں، اور اسے حاصل کرنے کے لیے ہمیں اسے کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔