امت مسلمہ حیدری جذبہ اختیار کرلے تو دین و دنیا کی شرطیہ کامیابی مقدر بن جائیگی

Feb 15, 2022

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)ممتاز روحانی پیشوا پیر جادہ نشین عید گاہ نشریف پیر نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ ذکرِ رسولِ مقبول  ؐ وہ عظیم ذکر ہے جس کو خود رب کریم بلند فر ما رہا ہے اور جس میں ربِ کریم، نورانی ملائکہ، ایمان والے، شجر و حجر غرض کہ کائنات کی ہر چیز شامل ہے۔ یہ ربِ کریم کا ہم پر بہت بڑا احسان ہے کہ اس نے اپنے پیارے حبیب  ؐ، اہلِ بیتِ اطہار و صحابہ کرام ، انبیا و رسل اور اولیا و اتقیائے امت کی محبت و مودت ہمیں عطا کی اور ان کے ذکر و مناقب بیان کر کے ہمیں اپنا دین و دنیا سنوارنے کا راستہ عطا فرمایا۔ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالی عنہ مولائے کائنات حضرت علی کرم اللہ تعالی وجہہ الکریم کے متعلق ارشاد فرماتے ہیں کہ عمر ہلاک ہو جاتا اگر حضرت علی میرے مشیر نہ ہوتے۔ آج بھی امتِ مسلمہ اگر سچے دل و خلوصِ نیت سے یہی حیدری جذبہ اختیار کر لے تو کوئی وجہ نہیں کہ دین و دنیا کی شرطیہ کامیابی اس کا مقدر بن جائے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ بحثیتِ مسلمان ہماری زندگیاں حضور نبی رحمت  ؐ، اہلِ بیتِ اطہار و صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کی عظیم ترین تعلیمات کے عین تابع ہو جائیں  ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں ماہانہ محفلِ بارہویں شریف کے موقع پر منعقدہ یومِ مولائے کائنات حضرت علی کرم اللہ تعالی وجہہ الکریم کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا جس میں مہمانِ خصوصی پیر آف گولڑہ شریف حضرت پیر شمس الدین گیلانی نے شرکت کی جبکہ وزیر اعظم کے مشیر علامہ طاہر اشرفی اور کثیر تعداد میں علمائے کرام جن میں علامہ مفتی عنصر القادری، علامہ محمد بشارت شازی، علامہ محمد اقبال رضوی، علامہ ظہور احمد نقشبندی، علامہ محمد سراج  و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ کثیر تعداد میں نعت خونانِ عظام نے دربارِ رسالت مآب میں گلہائے عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔  

مزیدخبریں