صحت کارڈ کی ہیلپ لائن پر درج ہونے والی ہر شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے گا: ڈاکٹریاسمین راشد

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے  صحت کارڈ کی ہیلپ لائن پر درج ہونے والی ہر شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے فاطمہ میموریل ہسپتال میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے اپنے بیٹے کا علاج کروانے والے صاحب کی سوشل میڈیا پرچلنے والی ویڈیو کانوٹس لے لیا ہے۔پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو واقعہ کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق فاطمہ میموریل ہسپتال میں یہ صاحب نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے کاؤنٹرپرجانے کی بجائے اوپی ڈی میں گئے۔ترجمان نے بتایا کہ اوپی ڈی میں ڈاکٹرزنے بتایاکہ ان کے بیٹے کو کوئی ایمرجنسی نہیں ہے جبکہ مریض کی ہرنیا کی کولڈ سرجری ہونی تھی۔ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹرزنے مریض کو دو مہینوں کا نہیں بلکہ دوہفتوں کا وقت دیاتھا۔دوسری جانب صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ لاہورمیں 96ہسپتالوں میں نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے مریضوں کو علاج کی مفت سہولت دے رہے ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ نیاپاکستان قومی صحت کارڈ بارے کسی بھی شکایت کی صورت میں 042-99205765  پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ  نیا پاکستان قومی صحت کارڈکی ہیلپ لائن پر درج ہونے والی ہر شکایت کا فوری ازالہ کیاجائے گا۔

ای پیپر دی نیشن