نوجوانوں کے امور کے بارے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت اب تک انتالیس ارب روپے کی مالیت کے قرض کی منظوری دی گئی ہے۔آج(منگل) اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچیس ہزار سات سو نوجوان قرض سکیم کے تحت قرض لینے کے اہل قرار پائے ہیں۔عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو پانچ لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے بھی دیئے جا رہے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت اڑھائی ارب روپے مالیت کے دو ہزار ٹریکٹر بھی نوجوان زرعی تاجروں کو دیئے گئے ہیں۔عثمان ڈار نے کہا کہ ''کامیاب جوان ہنر سب کیلئے'' اقدام کے تحت تیسرے بیج میں چھ ہزار وظائف کی پیشکش کی جا رہی ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے شروع کی گئی کھیلوں اور ٹیلنٹ ہنٹ کی مہم کو ملک کے کونے کونے میں لے جایا جائے گا۔