کراچی (کامرس رپورٹر) حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری مذاکرات میں ناکامی،گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے معیشت پر منفی اثرات اور ترسیلات زر میں نمایاں کمی کی خبروں پر سرمایہ کاروں نے نئی سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیا، جس کے بعد گزشتہ روز بھی سٹاک مارکیٹ تنزلی کا شکار رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 500سے زائد پوائنٹس گھٹ گیا۔ جس کی وجہ سے انڈیکس 41700 پوائنٹس سے کم ہو کر 41100پوائنٹس کی پست سطح پر آگیا۔ جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 75ارب روپے سے زائد کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 65 کھرب روپے سے گھٹ کر 64کھرب روپے کی سطح پر آگیا۔ انٹر بینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ تگڑا ہو گیا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق انٹر بنک میں 2.1 روپے کی کمی سے ڈالر کی قیمت فروخت 269.44روپے سے کم ہو کر 267.34روپے ہو گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روپے سستا ہو گیا جس کے بعد ڈالر کی قدر 273روپے سے گھٹ کر 270روپے پر آ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت 5ڈالر کمی سے 1855ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمت 1700روپے تولہ کمی سے 1لاکھ 95ہزار 900 روپے تولہ اور دس گرام سونے کی قیمت 1457روپے خسارے سے 1لاکھ 67ہزار 953روپے کی سطح پر رہی۔ جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت2130روپے کی سطح پر برقرار رہی۔
ڈالر 3، سونا 1700روپے سستا، سٹاک مارکیٹ میں مزید 75ارب ڈوب گئے
Feb 15, 2023