لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت رجب طیب اردگان ہسپتال ٹرسٹ کے بورڈ کا 45واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ترکی اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی۔ اجلاس میں انڈس ہسپتال جوبلی ٹاؤن کو رجب طیب ہسپتال ٹرسٹ کے زیر انتظام فنکشنل کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں پولیس لائنز ڈسپنسریز کو بھی رجب طیب ہسپتال ٹرسٹ کے زیر انتظام کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ محسن نقوی نے قابل عمل پلان طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پولیس لائنز میں قائم ڈسپنسریز کو انڈس کے زیر انتظام ہسپتالوں کی طرز پر چلانے کے بارے میں جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔ محسن نقوی نے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز میں لیور ٹرانسپلانٹ کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انڈس فاؤنڈیشن کے زیر انتظام 5ہسپتالوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سی ٹی سکین مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا اچانک دورہ کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی ساتھ تھے۔ محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کیلئے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈیجیٹل کیمروں کے ذریعے لاہور میں سکیورٹی انتظامات کے مانیٹرنگ نظام کا معائنہ کیا اور ڈیجیٹل وال پر مختلف علاقوں خصوصاً پی ایس ایل روٹس کا بھی مشاہدہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پی ایس ایل کی مانیٹرنگ کیلئے راولپنڈی اور ملتان میں لگائے کیمروں کو سیف سٹی لاہور سے منسلک کیا جائے۔ محسن نقوی نے لاہور سمیت بڑے شہروں میں جشن بہاراں کی تقریبات جوش و خروش سے منانے کی ہدایت کی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور سمیت بڑے شہروں میں میراتھن ریس کا انعقاد کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے لاہور میں ہارس اینڈ کیٹل شو بھی کرانے کی ہدایت کی۔ جشن بہاراں کی تقریبات لاہور کے مختلف پارکس اور مقامات پر منعقد ہوں گی۔ پی ایس ایل میچوں کے باعث جیلانی پارک کے علاوہ جشن بہاراں کی تقریبات کو دیگر پارکس اور مقامات پر کرانے کافیصلہ کیا ہے۔ شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لئے منفرد انداز میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ جشن بہاراں کی تقریبات میں پنجاب کے روایتی کھانوں کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔ سرکس کو جشن بہاراں کی تقریبات کا حصہ بنایا جائے گا۔ نہر اور بڑی سڑکوں کو خوبصورت لائٹس سے روشن کیا جائے گا۔