لاہور(خصوصی نامہ نگار)جامعہ ہجویریہ داتا دربار میں ختم بخاری شریف کی سالانہ تقریب کے دوران فارغ التحصیل طلبا میں اسناد، انعامات تقسیم کئے گئے اور انہیں دستار فضیلت سے نوازا گیا۔ نگران وزیر و اوقاف و مذہبی امور، زکو و عشر بیرسٹر سید اظفر علی ناصر تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ صدارت سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے کی۔ پر وقار تقریب میں شرکت سے پہلے صوبائی وزیر نے برصغیر کی ممتاز روحانی شخصیت سید عثمان علی الہجویری داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ سالانہ تقریب ختم بخاری شریف سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر اظفر علی ناصر نے فارغ التحصیل طلبا اور ان کے والدین کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ ہجویریہ مختصر عرصے میں علم و تحقیق کا منفرد مرکز بن کر ابھری ہے۔ خوشی ہے اس وقت جامعہ ہجویریہ میں 500 طلبا علمی پیاس بجھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بخاری شریف جیسے مستند مجموعہ احادیث کی تعلیم پانا ایک سعادت ہے۔ اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ حضرت داتا گنج بخش کا مزار باطنی اور ظاہری دونوں اقسام کے علوم کی تقسیم کا سرچشمہ ہے۔ بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ میری دعا ہے کہ جامعہ ہجویریہ سے فارغ التحصیل طلبا عملی میدان میں داتا گنج بخش کا امن، محبت اور رواداری کا پیغام پہنچائیں۔ختم بخاری شریف کی سالانہ تقریب سے خطاب میں سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جامعہ ہجویریہ داتا گنج بخش کے معیار تعلیم میں روز بروز نکھار رہا ہے۔ جامعہ ہجویریہ کے طلبا اور اساتذہ دونوں پر روحانی تعلیمات کے فروغ کی ذمہ داری عائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اج بلاشبہ فارغ التحصیل طلبا کی زندگی کا اہم دن ہے۔ دعا گو ہوں کہ دستار فضیلت پانے والے اس دستار کا مقصد بھی پورا کریں۔ سیکرٹری اوقاف نے بتایا کہ داتا دربار میں زائرین کی سہولت میں مزید بہتری کے لئے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے جامعہ ہجویریہ کی ترقی اور استحکام کے لئے اقدامات کا بھی عزم کیا۔