لاہور (نیوز رپورٹر) نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کی معروف شاعر اور ڈرامہ نگار امجد اسلام امجد کے انتقال پر انکے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت علی نواز ملک اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراءذوالفقار علی زلفی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر عامر میر نے کہا کہ امجد اسلام امجد کی ناگہانی وفات نہ صرف پاکستان بلکہ پاکستانی ادب کا بڑا نقصان ہے۔ ان کی وفات سے اردو ادب کو بڑا نقصان ہوا ہے جس کا ازالہ ممکن نہیں۔ امجد اسلام امجد محبتوں کے سفیر اور معاشرے میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور نفرت کے خلاف ایک توانا آواز تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت سے امجد اسلام امجد کے نام سے لاہور کی کسی بڑی شاہراہِ کو منسوب کرنے کی تجویز پیش کروں گا۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت علی نواز ملک نے کہا پاکستانی ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے امجد اسلام امجد کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ امجد اسلام امجد کا شمار موجودہ صدی کے بڑے لکھاریوں میں ہوتا ہے۔