لاہور(خبرنگار)کمشنرلاہور چوہدری محمد علی رندھاوا نے لاہور کے تمام قبرستانوں کو صاف رکھنے کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ، پی ایچ اے اور ایل ڈبلیو ایم سی پر مشتمل ٹیمیں مشترکہ طور پر صفائی کیلئے کام کریں گی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ قبرستانوں میں جھاڑیوں کی صفائی ہوگی۔ انسداد ڈینگی اقدامات لیے جائیں۔ میانی صاحب قبرستان میں ضلعی انتظامیہ ٹیمیں لگائے۔ نجی سوسائٹیز میں ایل ڈی اے کام کروائے۔ شہر خموشاں کاہنہ کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور کے 849 قبرستانوں میں سے 198کی بیرونی چاردیواری نہیں ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 366قبرستانوں کی چار دیواری مکمل ہے۔ باقی پر کام جاری ہے۔ کمشنر لاہور چوہدری محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت لاہور کے تمام قبرستانوں میں صفائی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، اے ڈی سی جی لاہور، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، مینیجر شہر خموشاں و دیگر افسران نے شرکت کی۔