چیمپئن بننے کا خواب،اسلام آباد متوازن ٹیم،کھلاڑی تگڑے ہیں:شاداب خان


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہاہے کہ ان کی ٹیم ایونٹ میں ایک بار پھر چیمپئن بننے آئی ہے۔ پلیئرز ڈرافٹ میں جو پلان تھا اس حساب سے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔ ذاتی ہدف ٹورنامنٹ میں بہترین کھلاڑی بننے کا ہے۔ا ان کی ٹیم اس بار کافی مختلف نظر آئیگی۔ پاکستان سپر لیگ میں ہر ٹیم چیمپئن بننے ہی آئی ہے اور ان کی ٹیم کا ارادہ بھی چیمپئن بننے کا ہے اور اس سوچ کیساتھ ہی میدان میں اتریں گے۔ ٹیم کا کامبی نیشن پچھلے سال کے مقابلے میں کافی اچھا ہے، امید ہے فینز کو اس بار اسلام آباد کی ٹیم کافی اچھی لگے گی۔ ہر کھلاڑی کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں بہترین کرکٹر بنے، ان کی بھی یہ ہی کوشش ہے کہ اچھی کارکردگی دکھا کر ایونٹ کے بہترین کرکٹر بنیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ اسلام آباد جس برانڈ کی کرکٹ کھیلتی ہے وہ اسے دوسروں سے بہتر بناتی ہے، پی ایس ایل 8میں ہر ٹیم اچھی ہے، خواہش ہے کہ فیلڈنگ سے میچز میں فرق ڈالیں۔ٹیم کی ڈرافٹ پک سے مطمئن ہوں، جو پلیئرز چاہتے تھے وہ ڈرافٹ میں مل گئے، آن پیپر تو ٹیم بن گئی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ کرکٹ آن پیپر نہیں ہوتی، گرائونڈ پر ہوتی ہے، گراونڈ میں اچھا کھیلنا ہو گا، جو پلانز بنائے جائیں گے ان پر عمل کرنا ہو گا۔  ٹیم کے لوکل پلیئرز بھی تگڑے ہیں اور غیر ملکی کھلاڑی بھی زبردست ہیں، بینچ سٹرینتھ بھی کافی اچھی ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ پلان پر کس طرح عملدرآمد ہو گا۔ بیٹنگ یا بائولنگ میں اچھا برا دن ہوسکتا ہے لیکن فیلڈنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔

کیونکہ اچھی فیلڈنگ میچ میں فرق ڈال سکتی ہے، ایک اچھا کیچ یا ایک اچھا رن آٹ پورا میچ بدل سکتا ہے، لیگ میں ساری ٹیمیں ہم پلہ ہیں اور اگر کوئی چیز فرق ڈالے گی تو وہ اچھی فیلڈنگ ہوگی، خواہش ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اچھی فیلڈنگ سائیڈ بنے۔ ٹیم کے پاس بیٹنگ میں کافی گہرائی ہے، دسویں نمبر تک کا کھلاڑی بیٹنگ کر سکتا ہے جس کی وجہ سے اسلام آباد کو جارح انداز میں کھیلنے کا اعتماد ملتا ہے، اگر ٹاپ آرڈر پاور پلے میں اچھا سکور بنائے تو ٹیم بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجانے میں کامیاب ہو گی۔ کوئی ٹیم ہلکی نہیں، کوئی بھی ٹیم کسی بھی دن کسی کو بھی شکست دے سکتی ہے، 4 مختلف مقامات پر میچز ہیں، مختلف کنڈیشنز ہوں گی، ہر ٹیم کے پاس میچ ونر کھلاڑی موجود ہیں، دیکھنا ہے کہ میدان میں بہتر کھیل کون پیش کرتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن