لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہاہے کہ مکی آرتھر کیساتھ معاملات 80 فیصد طے پاچکے ہیں، اگلے 10 سے 15 روز میں تمام معاملات طے پا جائیں گے۔کراچی میں پی سی بی پارٹنرشپ معاہدے کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے مکی آرتھر کیساتھ معاملات تقریباً طے پاچکے ہیں، ان کی ٹیم میں کون کون شامل ہوگا اس پر بھی اتفاق ہوچکا ہے بس اگلے چند دنوں میں تمام چیزوں کو حتمی شکل دے کر اعلان کردیا جائیگا۔ وہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس پر تبصرہ نہیں کریں گے کیونکہ ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اگلا اجلاس مارچ میں ہوگا جس کے بعد چیزیں واضح ہوں گی۔ اگلے سال پاکستان سپر لیگ کیلئے کوئٹہ اور پشاور کو بطور وینیو شامل کرنے کی پوری کوشش کریں گے، اگر سکیورٹی کے معاملات ٹھیک رہے اور سٹیڈیم تیار ہوئے تو وہاں بھی میچز ہوں گے۔ کوئٹہ میں نمائشی میچ کا تجربہ اچھا رہا تھا، بگٹی سٹیڈیم پر مزید پیسہ خرچ کرکے اس کا معیار مزید بہتر کریں گے۔ پاکستان سپر لیگ کا برانڈ مزید بڑا بنانا ہے جس کیلئے مزید پیسہ بھی لگایا جائیگا، اس لیگ کو ہر سال ترقی مل رہی ہے جس کے سبب اس سے وابستہ افراد کو بھی ترقی حاصل ہورہی ہے، بہت جلد پاکستان سپر لیگ میں مزید ٹیموں کو شامل کیا جائیگا۔ چار وینیوز پر میچز کا انعقاد ایک چیلنج تھا۔
لیکن ان کی ٹیم نے دن رات محنت کرکے ہر چیز کو ممکن بنایا، ملتان میں افتتاحی تقریب بہت شاندار رہی۔
مکی آرتھر سے معاملات تقریباً طے، انکی ٹیم پر بھی اتفاق ہوگیا:نجم سیٹھی
Feb 15, 2023