اﷲ تعالیٰ نے بے حیائی کے کاموں  کو حرام قرار دیا ہے ، جمیل قریشی 

Feb 15, 2023


ڈگری (نامہ نگار) الخدمت آرفن کئیر پروگرام ڈگری کے تحت " یوم حیا " کے موضوع پر بچوں اور باہمت ماؤں و بچیوں کے لئے علیحدہ علیحدہ پروگرام منعقد کئے گئے مرد و خاتون ٹرینرز نے بچوں کو حیا اور پاکدامنی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔اس موقع پر سر جمیل قریشی  نے کہا کہ حیا ایمان کی علامت ہے‘ پاکیزگی کی علامت ہے اور اللہ پاکیزگی کو پسند فرماتا ہے‘حضور ﷺکا فرمان ہے ’’جب تم حیا نہ کرو تو جو جی چاہے کرو‘‘حیا ایمان کی تکمیل ہے‘ جس شخص میں حیا ہے تو اس میں ایمان بھی موجود ہے اور جس میں حیا نہیں تواس میں ایمان بھی موجود نہیں کیوں کہ شیطان کا پہلا وار حیا پر ہوتا ہے۔ ’’آپ کہہ دیں کہ میرے پروردگار نے بے حیائی کے کاموں کو حرام کیا ہے۔
ان میں سے جو ظاہرہوں (ان کو بھی) اور جو چھپے ہوئے ہوں (ان کو بھی)‘‘ (اعراف 33) اسلام خواتین کو وہ عزت اور تحفظ فراہم کرتا ہے جو درحقیقت مغرب کو میسر نہیں ہے جب کہ کچھ بد نصیب خواتین اس غلط فہمی کا شکار ہیں کہ مغرب کی عورت آزاد ہے بلکہ میری نظر میں مغرب کی عورت سے زیادہ مظلوم کوئی عورت نہیں ہے لیکن ہم صحیح اور غلط جانے بغیر مغرب کی اندھا دھند تقلید پر کیے جارہے ہیں‘ اْن کے تہوار کو اپنا رہے ہیں‘ وہ نیو ائر منائیں گے تو ہم بھی منائیں گے‘ کرسمس آئے گا تو وہ منائیں گے‘ ویلنٹائن ڈے آئے گا تو ایک دھوم مچ جائے گی۔ ہم سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر ویلنٹائن ڈے کے نام پر اپنی شرم و حیا کا جنازہ نکال رہے ہوتے ہیں۔آخر میں تمام بچوں اور بچیوں نے عہد کیا کہ اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق گزاریں گے۔

مزیدخبریں