زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا:کمشنرگوجرانوالہ


گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) کمشنر نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے تحت ترکیہ اورشام کے زلزلہ زدگان کی مدد کے سلسلہ میں خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے دوران مخیر حضرات‘ چیمبرآف کامرس‘ سماجی تنظیموں‘ انجمن تاجراں اور انسانی خدمت کے اداروں کے تعاون سے کمبل‘ سردی سے بچاؤ کیلئے خاص طور پربنائے گئے خیمے‘ فوڈہیمپرز‘ ضروری ادویات اور اونی سویٹرز کے عطیات اکٹھے کئے جارہے ہیں،میرج ہال ایسوسی ایشن کے عہدیدار بھی اس کار خیر کو اسلامی بھائی چارے اور انسانی خدمت کے جذبے کے پیش نظر سرانجام دیں   ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرج ہالز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پی ایس او ندیم بٹ بھی موجود تھے،کمشنر نے کہا کہ امددی سرگرمیوں کے سلسلہ میں اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو فوکل پرسن ہونگے اورضلعی سطح پر ڈی سی آفس میں مرکزی کولیکش سنٹر بنائے گئے ہیں جہاں پرتمام امدادی سامان کو بحفاظت ترسیل کیلئے متعلقہ افسروں کی نگرانی میں بھجوایا جائے گا ۔
کمشنر نے کہا کہ نقد عطیات وزیراعظم کے ریلیف فنڈ اکاؤنٹ میں براہ راست جمع کرائے جائیں جبکہ صرف نئے اورغیر استعمال شدہ کمبل‘ سویٹرز اور اونی ملبوسات اور سردی سے بچاؤ کے خصوصی خیمے ہی بطور امداد قبول کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ترکیہ نے 2005 کے سیلاب بالخصوص ہمیشہ ہر مشکل اور تکلیف میں پاکستان کی دل کھول کر مددکی ہے اور اب ہمیں بھی اس کٹھن وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دے کر ان کے دکھوں پر مرہم رکھنا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن