لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب اسمبلی کے4آزاد ارکان نے پارٹی صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کر کے استحکام پاکستان پارٹی میں باضابطہ شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ پی پی 284 تونسہ سے حافظ طاہر قیصرانی، پی پی270 مظفر گڑھ سے زاہد اسماعیل بھٹہ، پی پی296 راجن پور سے سردار اویس دریشک اور پی پی91 بھکر سے غضنفر عباس چھینہ نے عبدالعلیم خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقاتوں میں نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال میں مضبوط حکومت کا قیام حالات کا بنیادی تقاضا ہے جس کیلئے انہوں نے بھرپور سوچ بچار کے بعد استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ عبدالعلیم خان نے آئی پی پی میں شامل ہونے والے نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام کیلئے مضبوط معاشی پالیسیاں دینا اشد ضروری ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کے مزید 10سے 15 ارکان بھی آئی پی پی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
4 آزاد ارکان آئی پی پی میں شامل، علیم خان سے ملاقات
Feb 15, 2024