29 فروری تک کسی بھی دن قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جا سکتا ہے: مرتضیٰ سولنگی 

Feb 15, 2024

اسلام آباد  (خبر نگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ قانونی طور پر جب مناسب اور ضروری ہوگا قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے گا، آئین کے آرٹیکل91  کے تحت صدر مملکت الیکشن کے بعد21 روز کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس بلا سکتے ہیں۔29 فروری تک کسی بھی دن قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جا سکتا ہے۔ بدھ کو الیکشن کمشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ  کسی امیدوار کو کوئی شکایت ہے تو اسے قانونی فورمز سے ہی رجوع کرنا چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلوچستان حکومت ملکی قوانین کے تحت مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ لوگوں کی مشکلات دور ہوں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے علاوہ وزارت پارلیمانی امور کی ذمہ داری بھی مجھ پر ہے، قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے لئے سمری پر میرے دستخط ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمشن کو انتخابات کے بعد 14 دن کے اندر حتمی انتخابی نتائج جاری کرنا ہوتے ہیں،  انتخابات سے 21 دن بعد تک قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی آخری تاریخ 29 فروری ہے،29 فروری تک کسی بھی دن اجلاس بلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت قومی اسمبلی کا کوئی بھی رکن وزیراعظم، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب لڑ سکتا ہے۔

مزیدخبریں