پنجاب: ن لیگ کو سادہ اکثریت مل گئی

 لاہور+ اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ)   مسلم لیگ ن نے پنجاب حکومت  سازی کیلئے نمبر گیم اکیلے ہی پوری کر لی،  اور پنجاب میں سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی،آزاد ارکان کی شمولیت  سے  پنجاب میں مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 153  تک جا پہنچی، 153 ارکان پر مسلم لیگ کو خواتین کی 34 نشستیں ملیں گی، جبکہ ن لیگ 4 اقلیتی نشستیں بھی حاصل کرنے کی پوزیشن میں آگئی ہے، اس کے مطابق مسلم لیگ ن 191 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن گئی جبکہ حکومت سازی کیلئے 186ارکان پنجاب اسمبلی کی حمایت درکار ہے۔   پنجاب اسمبلی کے مختلف حلقوں سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے اراکین کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف حلقوں سے کامیاب ہونے والے مزیدصوبائی اسمبلی کے 8 آزاد  اراکین اور این سے 144 سے رضا حیات ہراج گروپ نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف اور نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی- 132 ننکانہ سے سلطان باجوہ، پی پی-225 لودھراں سے شازیہ ترین، پی پی-289 ڈیرہ غازی خان سے محمود قادر لغاری، پی پی-288 ڈیرہ غازی خان سے حنیف پتافی، پی پی-94 چنیوٹ سے تیمور لالی اور پی پی-283 لیہ سے علی اصغر گورمانی اسی طرح پی پی 205 سے اکبر حیات ہراج ، پی پی  212 سے اصغر حیات ہراج نے بھی شہباز شریف سے ملاقات کر کے ن لیگ میں  شمولیت کا اعلان کیا۔نومنتخب آزاد ارکان نے نامزد وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور میں ملاقات کی جہاں۔ شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے پر سلطان باجوہ، حنیف پتافی، محمود قادر خان اور تیمور لالی کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی میں ان کا خیرمقدم کیا، دوسری طرف ہراج گروپ نے کے نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز اور شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونے والے چاروں ارکان نے پارٹی قائد نواز شریف اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم نامزد کرنے پر شہباز شریف کو مبارک دی۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب قائد نواز شریف اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، اتحاد اور تعاون ہی پاکستان کو مشکلات سے نکال سکتا ہے، ہم نواز شریف کی رہنمائی میں عوام کی خدمت کریں گے۔نامزد وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کے وژن پر عمل کریں گے، پاکستان کو معاشی خطرات سے نکالیں گے اور مہنگائی کے عذاب سے عوام کو نجات دلانا اولین چیلنج ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی کا شکریہ اور ان کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے قائد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، آپ کی شمولیت سے ان شااللہ پنجاب کے عوام کی خوش حالی کا مقصد حاصل ہوگا۔مریم نواز نے کہا کہ ماضی کی تباہی سے عوام کو نجات دلا کر خوش حال مستقبل سے ہم کنار کریں گے، اس موقع پر نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیر اعلی نامزد ہونے پر مریم نواز شریف کو مبارک باد دی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد (آئی این پی ) چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف سیاست سے کنارہ کش ہورہے ہیں اس میں کوئی سچائی نہیں۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس ) پر ایک بیان میں کہا ہے کہ وزارت عظمی کا عہدہ قبول نا کرنے کا مطلب اگر یہ اخذ کیا جا رہا ہے کہ نواز شریف سیاست سے کنارہ کش ہو رہے ہیں تو اس میں کوئی سچائی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اگلے 5 سال نا صرف بھرپور سیاست کریں گے بلکہ وفاق و پنجاب میں اپنی حکومتوں کی سرپرستی کریں گے، نوازشریف کی تینوں حکومتوں میں عوام نے واضح اکثریت دی تھی اور یہ بات وہ انتخابی تقاریر میں میں واضح کر چکے ہیں کہ وہ کسی مخلوط حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔ مریم نوازنے مزید کہاکہ جو لوگ نواز شریف کے مزاج سے وقف ہیں انھیں نواز شریف کے اصولی موقف کا پتہ ہے، شہباز شریف اور میں ان کے سپاہی ہیں، انکے حکم کے پابند ہیں اور ان کی سربراہی اور نگرانی میں کام کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن