غزہ، رفتح (آئی این پی) سرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں خونریز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، 24گھنٹوں کے دوران حملوں میں مزید 140سے زائدفلسطینیوں کو شہید کردیا گیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے رفح اور خان یونس میں فضائی حملے کیے، خان یونس میں ہسپتال کے احاطے میں شہریوں پر براہ راست گولیاں برسادی گئیں،غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے باعث 7اکتوبر کے بعد سے اب تک 30ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 67ہزار سے زائدزخمی ہوچکے ہیں۔غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں فلسطین کے ایک معروف فنکار علا قدوحہ اپنے خاندان سمیت جاں بحق ہو گئے،فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی غزہ کے نصیرات کیمپ میں فلسطینی فنکار علا قدوحہ کے گھر پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود وہ اور ان کے اہل خانہ کے افراد موقع پر ہی شہید ہو گئے،مقتول فلسطینی فنکار قدوحہ 2023 میں "اسرائیلی جنرل موشے" کے کردار کو مجسم کرنے کیلئے مشہور ہوئے اور انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ٹک ٹاک" پر ایک مختصر ویڈیو نشر کرنے کے بعد عرب دنیا میں ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کیا جبکہ غزہ میں ناصر میڈیکل کمپلیکس پر اسرائیلی اسنائپر کی فائرنگ سے تین فلسطینی شہید اور 10 زخمی ہو گئے، تازہ ترین کارروائیوں میں اسرائیلی فضائی حملوں نے حالیہ دنوں میں رفح کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔