ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت ) ساہیوال میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی)نے فیصل آباد روڈ سرور چوک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشتگرد کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، الیکٹرک سرکٹ اور نقدی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہشتگرد کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے اور اس کی شناخت عثمان سعید کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ دہشتگرد جھنگ کا رہائشی ہے جس کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں اور حملوں کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز اور رینجرز کے ساتھ ساتھ محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس کی جانب سے بھی ملک بھر میں دہشت گرد گروپوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔
ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا دہشتگرد گرفتار
Feb 15, 2024