صدر کو وفاقی ٹیکس محتسب نے سالانہ رپورٹ 2023ء پیش کر دی

Feb 15, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدرڈاکٹر عارف علوی کو وفاقی ٹیکس محتسب نے سالانہ رپورٹ 2023ء پیش کر دی۔ محتسب نے ٹیکس دہندگان کی سہولت اور ٹیکس حکام کی بدانتظامی کے خلاف شکایات کے حل کیلئے اقدامات بارے بھی آگاہ کیا۔ ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے صدر مملکت کو محتسب کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ وفاقی ٹیکس محتسب نے 2023ء میں 8963 معاملات پر کارروائی کی ، ٹیکس محتسب نے 2023 میں 17 ارب سے زائد کے ٹیکس ریفنڈ کلیمز کا فیصلہ کیا، ٹیکس ریفنڈ کی رقم ایف بی آر کی جانب سے متاثرہ ٹیکس دہندگان کو ادا کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں آگاہی مہم ، نئے علاقائی دفاتر سے ٹیکس محتسب کی رسائی بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات لیے گئے، امریکہ، کینیڈا، سویڈن، متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ اور فلپائن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے اعزازی مشیر تعینات کئے گئے۔

مزیدخبریں