چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ترک مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف نے ملاقات کی ہے۔ جس میں دو طرفہ فوجی روابط اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ترک مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز چکلالہ میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ فوجی روابط اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور دونوں اطراف نے گہرے تزویراتی تعلقات کے عزم کا اظہار کیا۔معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔ جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی ہے۔