اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاؤنڈز ریفرنس کے سلسلے میں ہونے والی آج سماعت فاضل جج کی عدم دستیابی کے باعث ملتوی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آج سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاؤنڈز ریفرنس پر جج محمد بشیر نے سماعت کرنا تھی۔ جج کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی ہو گئی جبکہ آئندہ سماعت 20 فروری کو ہوگی۔ اس سے قبل یکم فروری کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدم دستیابی کے باعث بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 10 فروری تک ملتوی کر دی گئی تھی۔ جمعرات کو سماعت کے موقع پر ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جانی تھی تاہم فاضل جج محمد بشیر کی عدم دستیابی کے باعث سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی گئی تھی۔ خیال رہے کہ گزشتہ دو دنوں میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں 10، 10 سال قید اور توشہ خانہ نیب ریفرنس میں احتساب عدالت عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید کی سزا سنا چکی ہے، دونوں کیسز کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہی ہوئی تھی۔
190ملین پاؤنڈز ریفرنس:جج کی عدم دستیابی کےباعث سماعت دوسری بار ملتوی
Feb 15, 2024 | 13:16