کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق تینوں ملکوں نے ایسی رپورٹس کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جن میں کہا گیا کہ اسرائیل غزہ کے علاقے رفح میں فوجی آپریشن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔تینوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم ایسے اشاروں پر انتہائی تشویش کا شکار ہیں کہ اسرائیل رفح میں زمینی پیش قدمی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ رفح میں فوجی آپریشن تباہ کُن ہو گا۔تنیوں ملکوں کے وزرائے اعظم نے اپنے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا کہ ’انسانی بنیادوں پر فوجی جنگ بندی کی ضرورت ہے۔‘اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بدھ کو کہا تھا کہ اسرائیل شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی اجازت دینے کے بعد رفح میں حماس کے خلاف کارروائی کے لیے آگے بڑھے گا۔اس شہر کو جنوبی غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کی آخری پناہ گاہ قرار دیا جاتا ہے۔تینوں ملکوں کے بیان میں اسرائیل پر زور دیا گیا کہ وہ جارحانہ کارروائی نہ کرے، تاہم بیان کے مطابق کوئی بھی جنگ بندی ’یک طرفہ‘ نہیں ہو سکتی اور حماس سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ خود کو غیرمسلح کرے اور تمام یرغمالیوں کو فوری طور پر رہا کرے۔تینوں رہنماؤں نے یہ بھی کہا کہ جنوبی افریقہ کے دائر کیے گئے نسل کشی کے مقدمے میں بین الاقوامی عدالت انصاف کے جنوری کے فیصلے نے اسرائیل کو غزہ کے شہریوں کی حفاظت اور بنیادی خدمات اور ضروری انسانی امداد فراہم کرنے کا پابند کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’شہریوں کا تحفظ سب سے اہم ہے اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ضروری ہے۔‘تینوں ملکوں نے کہا ہے کہ ’حماس کو شکست دینے کی قیمت فلسطینی شہریوں کو ادا کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔