عاقب اللہ خان سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے امیدوار نامزد

 پاکستان تحریک انصاف نے عاقب اللہ خان کو سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کا امیدوار نامزد کردیا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف بیرسٹر سیف نے بتایا کہ آج عمران خان کی ملاقات کے دوران انہوں نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے لیے رکن صوبائی اسمبلی عاقب اللہ خان کو سپیکر کے پی اسمبلی کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوسکتی کیوں کہ بانی چیئرمین عمران خان نے 3 جماعتوں پیپلزپارٹی، ن لیگ اورایم کیو ایم کے ساتھ بات چیت نہ کرنے کا کہا ہے اور وہ اس حوالے سے دوٹوک موقف رکھتے ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی نے جے یو آئی ، اے این پی سمیت کچھ جماعتوں سے بات چیت کی ہدایت کی ہے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر نے بتایا کہ بچہ بچہ جانتا ہے الیکشن میں پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا، اس حوالے سے مجھے تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، ہم الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، اس حوالے سے پی ٹی آئی ملک بھر میں احتجاجی تحریک بھی شروع کرے گی، عمران خان آج شام تک احتجاج کی تاریخ دیں گےانہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بدترین الیکشن ہوا، پاکستان میں ہونے والےحالیہ الیکشن کو دنیا بھی نہیں مان رہی، ہم چاہتے ہیں آپس میں بیٹھ کرلائحہ عمل بنائیں، امریکا سمیت پوری دنیا نے پاکستان کے الیکشن کو مانیٹر کیا، دھاندلی سے بننے والی حکومت کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی، ہم چیف جسٹس سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ ملک میں قانون کو اوپر لایا جائے، فارم 45 میں اور زرلت ہے اور فارم 47 میں نتائج کو تبدیل کیا گیا ہمیں جلسے نہیں کرنے دیئے گئے، ہمارے امیدواروں کو جیلوں میں ڈالا گیا لیکن انتخابات کے نتائج کے خلاف ہم احتجاج کریں گے اور عوام کے پاس جائیں گے، دھاندلی کو نہیں مانیں گے، ہم مستعفی نہیں ہوں گے بلکہ قانونی جنگ لڑیں گے، پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ایک دو دن میں بلائیں گے اس پر بات چل رہی ہے

ای پیپر دی نیشن