پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے انہیں وزارت عظمٰی کے لیے نامزد کیے جانے پر خوشی ہے۔
اپنے ایک بیان میں عمر ایوب خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی، پارٹی ممبران اور عوام کی توقعات پر اترنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح بانی پی ٹی آئی اور دیگر قائدین و ممبران کی جیلوں سے فوری رہائی ہوگی۔
عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں وزارت عظمٰی کا الیکشن لڑے گی اور جیتے گی۔ ہم نے عام انتخابات میں 180 سیٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔
عمر ایوب خان نے کہا کہ ہم اپنا مینڈیٹ چوری کیے جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لیے کام کرے گی، تاکہ معشیت کو مثبت سمت کی طرف گامزن کیا جاسکے اور ہم عوام کے فائدے کے لیے اصلاحاتی پروگرام شروع کرسکیں۔