حکومت نے سپریم کورٹ پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو تحریک انصاف حکمرانوں کے خلاف ”سونامی مارچ“ کرے گی

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + ایجنسیاں) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پیپلز پارٹی کی حکومت اور صد رآصف زرداری کو خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے 16 جنوری کو سپریم کورٹ پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو تحریک انصاف حکمرانوں کے خلاف لانگ مارچ نہیں ”سونامی مارچ“ کرے گی‘ نواز شریف حکومت گرانے اور قبل از وقت انتخابات کیلئے سنجیدہ ہیں تو ڈرامے کرنے کی بجائے اسمبلیوں سے استعفے دیدیں‘ نئے صوبوں کے قیام کےلئے کمیٹی قائم کر دی‘ صدر زرداری کی موجودگی میں آزادانہ اور منصفانہ الیکشن نہیں ہو سکتے‘ سپریم کورٹ سیاسی جماعتوں کو فنڈز فراہم کرنے پر آئی ایس آئی کیخلاف اصغر خان کے کیس کی سماعت کرے۔ سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کے بعد اصغر خان‘ جاوید ہاشمی‘ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کنڈولیزا رائس کی کتاب نے سارے راز بے نقاب کر دئیے ہیں کہ کس طرح امریکہ پری پول رگنگ کر کے پی پی پی کو برسر اقتدار لایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نوازشریف پر اعتماد نہیں، موجودہ فہرستوں پر تحریک انصاف ضمنی انتخابات نہیں لڑے گی ہم سپریم کورٹ میں رٹ دائر کریں گے، مجھے نہیں معلوم سینٹ انتخابات کب ہوں گے۔ دریں اثناءتحریک استقلال کو تحریک انصاف میں باضابطہ ضم کر دیا گیا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ امریکہ یا مغرب مخالف نہیں ہیں اور ان کا اسلامی معاشرے کا تصور سکینڈے نیوین ممالک جیسا ہے۔ انٹرنیٹ ویڈیو پر انٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ مغرب مخالف ہونا عقل کے خلاف ہے مغرب جغرافیائی حقیقت ہے اور آپ کس طرح جغرافیائی حقیقت کے خلاف ہو سکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں بعض قوتوں کی طرف سے خطرات لاحق ہیں، میں ان کو تحفظ نہیں دوں گا۔

ای پیپر دی نیشن