محکمہ بجلی کیلئے مختص 170 ارب کی سبسڈی 6 ماہ میں ہی ختم

اسلام آباد (اے پی اے) وزارت خزانہ کے مطابق بجلی کی پیداوار کے لئے درآمدی تیل پر انحصار بڑھنے اور بجلی چوری میں اضافے کے باعث رواں مالی سال کیلئے بجلی کے شعبے کےلئے مختص 170 ارب روپے کی سبسڈی 6 ماہ میں ہی ختم ہوگئی۔ وزارت کے مطابق بجلی کے شعبے کو سبسڈی دینے کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں 170 ارب روپے کی رقم مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ بجلی کی پیداواری لاگت میں اضافے کے اثرات کو عوام تک منتقل کرنے سے روکا جائے، تاہم یہ خطیر رقم پہلے چھ ماہ میں ہی ختم ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران وزارت خزانہ نے اس مد میں واپڈا کو 117 ارب روپے اور کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 22 ارب روپے جاری کئے اور صرف دسمبر کے دوران اس مد میں وزارت پانی و بجلی کو 23 ارب روپے کی رقم فراہم کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ خطیر رقم دینے کے باوجود پاور سیکٹر کا سرکلر ڈیٹ 15ارب روپے سود سمیت 151 ارب روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن