لاہور (خبر نگار+نیوز رپورٹر) سینئر مشیر وزیراعلیٰ پنجاب و سینیٹر سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کینال کی پختگی بارے محکمہ آبپاشی اور واپڈا حکام مل کر ماسٹر پلان تیار کریں تاکہ پانی کے ضیاع اور سیم کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات 90 شاہراہ قائد اعظم پر ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں چیئرمین واپڈا سید راغب عباس شاہ، سیکرٹری واپڈا امتیاز تاجور، سیکرٹری آبپاشی، چیف انجینئر آبپاشی و چیف انجینئر کچھی کینال طاہر خان کھوسہ کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ سینیٹر ذوالفقار علی خان کھوسہ نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کینال کی پختگی ایک قومی مسئلہ اور وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کینال کی پختگی نہ ہونے کے باعث پانی ٹیل تک نہیں پہنچ پاتا اور سیپج کے باعث لاکھوں ایکڑ رقبہ سیم زدہ ہو گیا ہے۔ سےنئر مشےر سردار ذوالفقار کھوسہ نے کہا کہ کوہ سلےمان سے آنے والی روڈ کوہےوں سے رہائشےوں کو شدےد نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لئے اس کے پانی کے نکاس کا مناسب بندوبست کرنا بہت ضروری ہے۔ چیئرمین واپڈا سید راغب عباس شاہ نے سینئر مشیر کو ڈیرہ غازی خان کینال کے حوالے سے ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر یہ دیرینہ مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔