پشاور(آن لائن)خیبرپی کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر محمد یوسف سرور نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کے چیئرمین علی ارشد حکیم سے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران خیبر پی کے چیمبر کے صدر ڈاکٹر محمد یوسف سرور نے ٹرن اوور ٹیکس اور صوبہ خیبر پختونخوا کے لئے مالیاتی پیکیج میں توسیع کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ خیبر پی کے چیمبر کے صدر نے ٹیکس گذاروں کو سہولیات کی فراہمی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات سمیت ٹیکس قوانین کو آسان بنانے اور بزنس کمیونٹی کے اعتماد بحالی پر چیئرمین ایف بی آر علی ارشد حکیم کی کاوشوں کو سراہا ۔ ڈاکٹر محمد یوسف سرور نے موجودہ ٹیکس گذاروں پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے کے لئے ٹیکس نیٹ میں اضافے کی تجویز پیش کی اور نئے ٹیکس گذاروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے سے قبل چیمبرز اور بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لینے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے ایف بی آر کے چیئرمین کو خیبرپی کے چیمبر کے دورے کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ ایف بی آر کے چیئرمین علی ارشد حکیم نے خیبر پی کے چیمبر کے صدر کو یقین دلایا کہ ایف بی آر بزنس کمیونٹی کو تمام تر سہولیات فراہم کریگا ۔ انہوں نے ٹرن اوور ٹیکس اور مالیاتی پیکیج میں توسیع کے حوالے سے خیبرپی کے چیمبر کے صدر ڈاکٹر محمد یوسف سرور کی سفارشات پر غور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ انہوں نے کہاکہ ایف بی آر بزنس کمیونٹی کے اعتماد کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدمات اٹھائے گا۔