”جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز میں بلے بازوںکو اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی“

Jan 15, 2013


اسلام آباد (اے پی پی) ٹیسٹ کرکٹر وجاہت اللہ واسطی نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کو بیٹنگ کے شعبے میں اچھی کارکردگی دکھانا ہوگی، کامران اکمل اور عمر اکمل کو ٹیسٹ سکواڈ سے ڈراپ کرنا پی سی بی کا اچھا فیصلہ ہے، یونس خان اور مصباح الحق پر سیریر میں بیٹنگ میں بھاری ذمہ داری عائد ہوگی، وکٹ کیپنگ میں سرفراز کی جگہ رضوان کو شامل کرنا ٹیم کے مفاد میں ہوتا۔ پیر کو گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے اور ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم سے اچھی امیدیں وابستہ ہیں، قومی ٹیم کی فیلڈنگ میں بہتری آئی ہے تاہم انہیں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف فاسٹ باﺅلرز کا کردار اہم ہوگا، سپین باﺅلنگ میں سعید اجمل دوسرا بال سے جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کیلئے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا ہے اس لئے جنوبی افریقہ کے پیچز میں تجربہ کار کھلاڑیوں سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ یونس خان اور مصباح الحق اگر جنوبی افرفقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ناکام ہو جاتے ہیں تو پی سی بی کو چاہئے کہ انہیں ریٹائرکریں۔ انہوں نے کہا کہ محمد عرفان اور جنید خان فاسٹ باﺅلنگ کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاہم انہیں فٹنس پر قابو پانے کی ضرورت ہے، کامران اکمل اور عمر اکمل کو ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کرنا اچھا فیصلہ ہے کیونکہ انہیں کئی بار مواقع فراہم کئے گئے تاہم وہ اپنے ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھا نہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ وکٹ کیپنگ کیلئے سرفراز کی جگہ اگر رضوان کو موقع دیا جاتا تو بہتر ہوتا کیونکہ رضوان میں کافی ٹیلنٹ موجود ہے۔

مزیدخبریں