لاہور+ گوجرانوالہ+ اسلام آباد (خبرنگار+ نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) بارش کا سلسلہ کئی شہروں میں دوسرے روز بھی جاری رہا۔ گوجرانوالہ میں بارش کے باعث مکان کی بوسیدہ چھت گرنے سے 2 حقیقی بھائی جاں بحق ہو گئے جبکہ انکی بہن زخمی ہو گئی۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری سے یہاں سیاحوں کی آمد بڑھ گئی۔ اسلام آباد سمیت بالائی اور وسطی پنجاب، بالائی خیبر پی کے، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بادل چھائے رہے ملکہ کوہسار مری میں برفباری نے ہر منظر سفید کر دیا۔ شدید برفباری کے باعث مرک اور قمری کے علاقوں کا استور سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے باغبانپورہ کے علاقہ رحمن کالونی میں محنت کش خاتون امتل بی بی کرائے کے مکان میں اپنے دو بیٹوں اور تین بیٹیوں کے ہمراہ رہائش پذیر تھی گذ شتہ روز بارش ے باعث انکے بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر محنت کش خاتون کے دو بیٹے 7 سالہ عاقب اور 11 سالہ ثاقب ہلاک ہو گئے جبکہ ان کی بہن کنول شدید زخمی ہو گئی۔ واقعہ کے بعد متوفی بچوں کے گھر صف ماتم بچھ گئی جبکہ اس مو قع پر ہر آنکھ اشک بار تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چھت گرنے سے 2کمسن بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ادھر ملکہ کوہسار مری نے سفید چادر اوڑھ لی منگل کی شب کو شروع ہونے والا برف باری کا سلسلہ بدھ کی صبح تک جاری رہا۔ مری میں چھ انچ جبکہ گلیات میں ایک فٹ تک برف باری ہوئی۔ موتیوں کی طرح چمکتی برف اور بلند وبالا برف سے ڈھکے کوہساروں نے مری کے حسن کو مزید چار چاند لگا دئیے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں میں مری میں مزید برف باری ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور ائرپورٹ پر پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کا سلسلہ دھند ختم ہو جانے کے بعد جاری ہے۔ گزشتہ روز ٹورنٹو سے آنیوالی پی آئی اے کی پرواز 8گھنٹوں کی تاخیر سے رات 12بجے لاہور پہنچی جبکہ ریاض جانے والی شاہین ائرلائنز کی پرواز 20گھنٹوں کی تاخیر سے رات ایک بجے روانہ ہوئی۔ اتحاد ائر کی رات 2بجے آنیوالی پرواز 8گھنٹوں کی تاخیر سے آج صبح 10بجے لاہور پہنچے گی۔ ائربلیو نے اسلام آباد کیلئے اسی صبح کی پرواز منسوخ کر دی۔
بارش‘ گوجرانوالہ میں چھت گرنے سے 2 کمسن بھائی جاں بحق‘ بہن زخمی
Jan 15, 2015