فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) گورنمنٹ گرلز سکول بیرون کارخانہ بازار میں سکول کی چھت کا پلستر اور اینٹیں گرنے کے باعث چار بچیاں ملبے تلے دبیں جن میں سے ایک بچی زخمی ہوئی جسے ریسکیو 1122کی ٹیموں نے طبی امداد فراہم کی جبکہ دیگر طالبات کو سکول کے کمرہ سے نکال کر ریسکیو 1122 کی گاڑیوں میں گھروں میں پہنچایا۔ اطلاع ملتے ہی ڈی سی او نورالامین مینگل موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔گورنمنٹ گرلز سکول بیرون کارخانہ بازار کی بوسیدہ چھت کا پلستر اور اینٹیں گرنے سے زد میں آکر بچی نورالعین زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس انتظامیہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو1122 نے بچی کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسکا علاج جاری ہے۔علاوہ ازیں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ ایم سی گرلز ہائی سکول بیرون کارخانہ بازا میں اتفاقی طور پر ایک کلاس روم کی چھت کے کچھ حصے کا تھوڑا سا پلستر اکھٹرکرگر گیا تھا جس سے ایک طالبہ معمولی زخمی ہوئی تھی جسے فوری طور پر طبی امداد دیکر فارغ کردیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا سکول میں چھت گرنے کی اطلاع بالکل غلط تھی۔ چھت گرنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ دریں اثناء ڈی سی اونورالامین مینگل نے بھی اطلاع ملنے پر فوری طور پر سکول کا دورہ کیا اور وقوعہ کی تفصیلات کاجائزہ لیا تو یہ بات سامنے آئی کہ سکول کے ایک کلاس روم کی چھت سے تھوڑا پلستر اکھڑ کر نیچے گرا تھا جس سے طالبات میں خوف وہراس پیدا ہوا تاہم ایک طالبہ کو معمولی خراش آئی جسے طبی امداد فراہم کردی گئی تھی۔