وزارت داخلہ نے دہشت گردی کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کا طریقہ طے کر لیا : کمیٹی تشکیل

Jan 15, 2015

اسلام آباد (آئی این پی) وزارت داخلہ نے 21 ویں آئینی ترمیم اور آرمی ایکٹ میں ترامیم کے بعد دہشت گردوں کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کا طریقہ کار وضع کر لیا ہے، وزیر داخلہ چودھری نثار نے وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان کی سربراہی میں وزارت داخلہ کی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، کمیٹی فوجی عدالتوں کو سماعت کیلئے جو کیس بھیجے جائیں گے ان کا فیصلہ کرے گی۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی میں وزارت داخلہ کے سینئر حکام شامل ہےں۔ ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی تمام کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا کرے گی، فوجی عدالتوں میںبھیجنے سے قبل وزیر داخلہ کو پہنچائے گی۔ ذرائع کے مطابق جو طریقہ کار وضع کیا گیا ہے اس کے تحت چاروں صوبوں میں وزرائے اعلیٰ‘ سینئر فوجی حکام ‘ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کی سربراہی میں قائم ایپکس کمیٹیاں اپنے متعلقہ صوبوں سے فوجی عدالتوں کو بھیجے جانے والے دہشت گردوں کے مقدمات وزارت داخلہ کو بھیجیں گی جس کے بعد وزارت داخلہ تمام ریکارڈ اور شہادتوں کا جائزہ لے کر یہ مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کا عمل شروع کرے گی۔ آئندہ ایک ہفتے کے اندر اس بات کا امکان ہے کہ فوجی عدالتوں کے باضابطہ قیام کے بعد مقدمات بھیجنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ وزارت داخلہ نے 16دسمبر کو آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث ہونے کے شبہ میں افغانستان کے پانچ دہشت گردوں کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔ وزارت داخلہ کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ حساس اداروں کی طرف سے افغان حکومت کو دی گئی مصدقہ اطلاعات اور شواہد کی روشنی میں افغانستان کے اندر پانچ ایسے دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کی اطلاعات ملی ہیں جو آرمی پبلک سکول پر حملہ کرنے والوں سے رابطہ میں تھے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دہشت گردوں کے ناموں اور دیگر تفصیلات کے حوالے سے ابھی آگاہ نہیں کیا گیا۔ تفصیلات تفتیش کے نکتہ نظر سے ابھی منظر عام پر نہیں لائی جاسکتیں۔ ان دہشت گردوں کو پاکستان لانے کے لئے متعلقہ ادارے افغان حکومت سے رابطوں میں ہیں، آئندہ چند روز میں مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔وفاقی و زیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ روایتی سستی چھوڑ دے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار کی زیر صدارت پنجاب ہاﺅس میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس مین قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد اور سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ پولیس اور انتظامیہ روائیتی سستی چھوڑ دے اور وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں کی سکیورٹی کو بہتر بنایا جائے وزیر داخلہ نے وفاقی تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
5 دہشت گرد

مزیدخبریں