ٹو کیو (آن لائن+ این این آئی) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے مسلم لیگ ن کی حکومت پاکستان کو معاشی بحران سے نکال کر ترقی یافتہ ملک بنانے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ جاپان کے موقع پر اپنے استقبال کے لئے آنے والے لیگی کارکنوں سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا تاہم اب حکومت جاپان سے امداد کی بجائے تجارت میں اضافے پر مذاکرات کرے گی۔ سینیٹر اسحق ڈار نے کہا ہے پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے بھرپور مواقع موجود ہیں ٗ پاکستان کو قابل تجدید توانائی کے ذرائع میں جاپان کی تکنیکی معاونت کی ضرورت ہے ٗ امید ہے جاپانی کمپنیاں پاکستان میں دستیاب مواقع سے استفادہ کرتے سرمایہ کاری کرینگی۔ وہ ٹوکیو میں سرمایہ کاری کانفرنس میں شریک جاپانی تاجروں سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا جاپان کے آٹو سیکٹر گاڑیوں کی مارکیٹ میں 95 فیصد کے قریب حصہ رکھتا ہے جو پاکستانی معیشت کے لئے انتہائی مثبت ہے لیکن جاپان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت زیادہ تر جاپان کے حق میں ہے جسے آزادانہ تجارت کے معاہدے کے تحت مذاکرات کے ذریعے طے کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان توانائی، آٹو موبائل، ٹیکسٹائل، آلات جراحی، انفراسٹرکچر، انجینئرنگ، زراعت اور ایس ایم ایز میں سرمایہ کاری کے لئے ایک بڑی مارکیٹ ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جاپان کے خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے اقدام کا خیر مقدم کرے گی اور اس ضمن میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ کانفرنس میں چیئرمین جیٹرو، سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل کے علاوہ 250 جاپانی تاجروں نے شرکت کی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار نے جاپانی کابینہ کے ڈپٹی چیف کتسونوبو کاتو سے ملاقات کی۔ جاپان پاکستان پارلیمنٹرینز فرینڈشپ لیگ (جے پی پی ایف ایل) نے وفاقی وزیر خزانہ اور پاکستانی وفد کے ارکان کے اعزاز میں ایوان زیریں میں ایک ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔ اس موقع پر جے پی پی ایف ایل کے صدر سی شیرو ایتو اور ایوان زیریں کے ممبران بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے جیٹرو کے چیئرمین ہیرویوکی سے بھی ملاقات کی۔ اسحق ڈار نے جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹرو)، جاپان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ اور سفارتخانے کے اشتراک سے منعقدہ سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کی۔