پی آئی اے کا عازمین عمرہ کیلئے ’’ پہلے آئیے پہلے پائیے ‘‘ سروسز شروع کرنے کا فیصلہ

Jan 15, 2015

لاہور(خبر نگار) پی آئی اے نے عازمین عمرہ کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے ریزرویشن سسٹم کو تمام ٹریول ایجنٹس کیلئے اوپن کرنے کا فیصلہ کیا تا کہ پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر وہ عازمین عمرہ کیلئے نشستیں بک کر سکیں۔ ترجمان نے کہا کہ توقع کی جا رہی ہے کہ اگر اس طریقہ کار کا صحیح استعمال ہو جائے تو پھر تمام ٹریول ایجنٹس نہ صرف عازمین عمرہ کیلئے نشستیں مخصوص کر سکیں گے بلکہ انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی بھی یقینی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن نے معزز عازمین عمرہ کو بہتر اور ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے مارکیٹ میں مناسب کرائے متعار ف کرائے ہیں۔ ترجمان کے مطابق عمرہ زائرین کیلئے چلائی جانیوالی اضافی پروازوں پر صرف عمرہ ویزہ رکھنے والے مسافر ہی سفر سکتے ہیں اس کے علاوہ سعودی عرب کا رہائشی اور ورک پرمٹ رکھنے والے مسافروں کو سعودی قوانین کے مطابق پی آئی اے کی معمول کی پروازوں کے ذریعے ہی سفر کرنے کی اجازت ہے۔ جو ٹریول ایجنٹس عمرہ کی اضافی پروازوں پر رہائشی اور ورک پرمٹ مسافروں کی بکنگ کریں گے ان کے خلاف ایاٹا کے قوانین کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں