لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے تحریک کے مشاورتی اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 14جنوری 2013کو غیر آئینی الیکشن کمیشن کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دیا تھا، مگر انتخابی اصلاحات کے حوالے سے سابق حکومت نے تحریری معاہدہ کی پاسداری کی اور نہ موجودہ حکومت انتخابی اصلاحات لانا چاہتی ہے ۔اس حوالے سے مسلسل قوم کو دھوکہ دیا جا رہا ہے ،انہوں نے کہاکہ سٹیٹس کو کی مقتدر جماعتوں نے دھاندلی کی سہولت دینے والے اس نظام کو سینے سے لگا رکھا ہے ،انہوں نے کہا کہ آج بھی تمام جمہوری برائیوں کی جڑ فرسودہ اور غیر آئینی الیکشن کمشن ہے۔ الیکشن کمشن کے چاروں غیر آئینی صوبائی ممبرز آج بھی مسلط ہیں اور دھاندلی کی پیداوار حکومت اور اسمبلیوں کو تحفظ دے رہے ہیں ، چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت شو پیس کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 3سال قبل انتخابی اصلاحات کا مطالبہ کیا تھا اور آج تک اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ جب تک الیکشن کمیشن ٹھیک نہیں ہو گا عوام کی حقیقی نمائندہ اسمبلیاں وجود میں آئیں گی اور نہ ہی حقیقی جمہوری نظام قائم ہو گا۔