کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں ایم کیو ایم مخالف اتحاد کیلئے معاہدے کے متن کے نکات سامنے آئے ہیں۔ وفاق اور سندھ میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ایم کیو ایم کیخلاف متحد ہو گئیں۔ پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور جے یو آئی ف بھی معاہدے میں شامل ہیں۔ سب نے معاہدے پر دستخط کئے ہیں کہ ڈی ایم سی غربی میں کوئی ایم کیو ایم سے اتحاد نہیں کرے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کراچی ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے سیاسی جوڑ توڑ زوروں پر ہے۔ کراچی کے تین اضلاع میں ایم کیو ایم مخالف اتحاد سامنے آنے کا امکان ہے۔ اس کیلئے پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، تحریک انصاف، جماعت اسلامی، جے یو آئی، اے این پی نے حکمت عملی بنا لی۔ پیپلزپارٹی نے دعویٰ کیا ہے ضلع جنوبی میں چیئرمین کیلئے مطلوبہ تعداد حاصل کر لی ہے۔ ضلع جنوبی میں 31 کے ایوان میں پیپلزپارٹی کے 11 اور ایم کیو ایم کے 10 وائس چیئرمین ہیں۔ تحریک انصاف کے 2، جماعت اسلامی کے ایک جبکہ 2 آزاد امیدواروں کی حمایت پیپلزپارٹی کو مل گئی۔ ضلع جنوبی میں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن کے بغیر بھی ضلع چیئرمین لانے کی پوزیشن میں آگئی۔ پیپلز پارٹی سابق ناظم لیاری ٹاؤن ملک فیاض کو چیئرمین ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی نامزد کر دیا۔ ایم کیو ایم نے دعویٰ کیا ہے مسلم لیگ ن اور آزاد امیدواروں کے اشتراک سے مطلوبہ نشستیں حاصل کر لیں گے۔