بیجنگ (بی بی سی) چینی ماہر لسانیات زو یاگوانگ 111 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ مسٹر زوو کو لکھنے کے نظام، پنین کا خالق سمجھا جاتا ہے۔ پنین کے ذریعے رومن حروف تہجی کے الفاظ کو استعمال کرتے ہوئے چینی زبان کو سمجھایا جاتا ہے۔ زوو نے پنین سسٹم بنانے کا کام کمیونسٹ پارٹی کی ایک کمیٹی کیساتھ ملکر تین سال میں مکمل کیا تھا۔ اس سسٹم نے چین میں انقلاب برپا کر دیا تھا۔ پنین بننے سے پہلے چین کی پچاسی فیصد آبادی پڑھنے سے قاصر تھی۔ لیکن آج چین کی سو فیصد آبادی پڑھ سکتی ہے۔ زو یاگوانگ کو ثقافتی انقلاب کے دوران دوردراز علاقے میں دوبارہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھیجا گیا اور وہ اپنی بقیہ زندگی میں کمیونسٹ پارٹی کے ناقد رہے اور اس بارے میں انہوں نے کئی ایک کتابیں بھی لکھیں جن میں زیادہ تر پر پابندی لگائی گئی۔ 2011ء کے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا ان کی خواہش ہے کہ وہ تب تک زندہ رہیں جب تک چینی حکام یہ تسلیم نہ کر لیں کہ 1989 میں تیانامن سکوئیر میں جمہوریت کے لیے مظاہرہ کرنے والے لوگوں پر تشدد غلطی تھی۔