دہشتگردی کے پرانے مقدمات فوری نمٹانے کا فیصلہ، پولیس تفتیش کا معیار بہتر، اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں بنانے کا حکم

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان کی زیر صدرات انسداد دہشت گردی عدالتوں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں تفتیش کا معیار بہتر بنانے اوراشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا گیا۔ ایم آئی ٹی ہائیکورٹ محمد اکمل خان، صوبہ بھر کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کے ججز کے علاوہ ہوم سیکرٹری اعظم سلیمان، فنانس سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی جی سائنس فرانزک ایجنسی، سی سی پی او لاہور اور پنجاب بھر کے آر پی اوز نے شرکت کی۔ خصوصی عدالتوں کے ججزنے 16دسمبر سے10جنوری تک مقدمات کے فیصلوں کی رپورٹ پیش کی جبکہ پولیس افسروں نے 20اکتوبر سے 10جنوری تک دہشت گردی مقدمات کی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جبکہ پولیس افسر تفتیش کے معیار کو بہتر بنائیں۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹس کو لازمی طور پر ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔ اسی طرح اجلاس میں دہشت گردی عدالتوں میں زیر التوا پرانے مقدمات کو ترجیح بنیادوں پر نمٹانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن