وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے فی لٹر تک اضافہ کردیا جس کا اطلاق کل 16 جنوری سے ہو گ ااور نئی قیمتیں 31 جنوری تک برقرار رہیں گی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ 77 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 68 روپے 4 پیسے ہو گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 77 روپے 22 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے۔ اسحق ڈار کے مطابق مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا اور ان کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رہیں گی۔ وزیرخزانہ اسحق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول کی فی لٹر قیمت میں ایک روپے 77 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 94 پیسے اضافے کی تجویز دی تھی تاہم ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا اوگرا کی تجویز کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 1 روپے 77 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا اوگرا نے مٹی کے تیل کی فی لٹر قیمت میں 14 روپے 31 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 11 پیسے اضافے کی سفارش کی تھی تاہم وزیراعظم نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ 31 دسمبر 2016 کو بھی لیا گیا تھا تاہم سال نو کے موقع پر قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ حکومت نے عوام کو نئے سال کا تحفہ دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ آئی این پی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف پارلیمنٹ میں احتجاج کریں گے۔ ایک بیان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی معاشی پالیسیاں معیشت کو تباہ اور عوام کو بدحال کر رہی ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرنے والے اوگرا سے اختیارات چھین کر حکومت من مانی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا نواز حکومت پاکستانی اشیاءکے ایکسپورٹ میں ناکام رہی ہے یہی وجہ ہے بجٹ خسارا پورا کرنے اور حکومتی غیرضروری اخراجات کو پورا کرنے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا نواز گردی کے ایسے اقدامات کے خلاف پارلیمنٹ میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لے اور عوام کا مزید خون نچوڑنے سے گریز کرے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل پر جی ایس ٹی ڈھائی فیصد بڑھا دیا گیا۔ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں مےں اضافے کو ”مہنگائی بم“ قرار دےتے ہوئے کہا ہے حکومت قوم کو کس جر م کی سزا دے رہی ہے؟ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ٹر انسپورٹ کرایوں میں اضافے سمیت مہنگائی کا نیا طوفان لائےگا‘ حکمرانوں کی ناکام پالیسیاں غریب کےلئے کسی عذاب سے کم نہیں‘ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ جماعت اسلامی کے امیر سنیٹر سراج الحق اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا حکومت کے اس اقدام سے ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا مزید سیلاب آئےگا اس اضافے کےخلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ تحر یک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمودقر یشی اور سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ملک میں پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں غر یب خود کشی کر رہے ہیں حکومت کا یہ اقدام غر یبوں پر مہنگائی کا بم ہے، تحر یک انصاف پار لیمنٹ میں اسکے خلاف بھر پور احتجاج کرے گی۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بحاری ‘سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور اور پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے اپنے ردعمل میں کہا حکومت فضول منصوبوں پر اربوں روپے کا ضیاع کر رہی ہے جبکہ اپنے اخر اجات پورے کر نے کےلئے قوم کی جیبوں پر ڈاکے مارے جا رہے ہیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ بھی عوام پر ظلم ہے اسکے خلاف پار لیمنٹ میں آواز بلند کریں گے۔مولانا عبدالغفور حیدری اور مر کزی تر جمان نے کہا قیمتوں میں اضافہ ایک ظالمانہ اقدام ہے، حکومت عوام کو رلیلیف نہیں دے سکتی تو اسے مہنگائی کرنے سے بھی باز رہنا چاہئے اس لئے اس اضافہ کو واپس لیا جائے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اورمولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن قوم کو مسائل سے نجات دلانے کا نعرہ لگا کر اقتدارمیں آئی مگر آج ملک میں ہونےوالی مہنگائی پر قوم کانوں کو ہاتھ لگانے پر مجبور ہے اور سمجھ نہیں آتی یہ قوم سے کس جرم کا انتقام لے رہے ہیں۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق ق لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سنیٹر کامل علی آغا نے پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سینٹ میں آواز اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ق لیگ کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ اس معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھائیں گے جبکہ پنجاب اسمبلی میں بھی ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرے گی۔