دوسرا ون ڈے: پاکستان نے آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر 12 سال بعد شکست دیدی، ملک بھر میں جشن

محمد حفیظ اور شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ یہ پاکستان کی 12 سال بعد آسٹریلیا میں کسی بھی ایک روزہ میچ میں فتح ہے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے31 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی سکور پر جنید خان نے وارنر اور عثمان کو پویلین بھیج کر آسٹریلین بیٹنگ لائن کو دھچکا لگایا۔ محمد عامر نے مچل مارش کو گولڈن ڈک کی خفت سے دوچار کر کے پاکستان کو تیسری کامیابی دلائی۔ ٹریوس ہیڈ اور سٹیون نے سکور 86 تک پہنچایا لیکن حسن علی نے ہیڈ کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ گلین میکس ویل نے سمتھ کےساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 42 رنز جوڑے لیکن عماد وسیم نے 23 کے انفرادی سکور پر ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔ عماد کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سمتھ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، سمتھ نے 60 رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں شعیب ملک کی گیند پر میتھیو ویڈ بھی اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے اور 35 رنز بنانے کے بعد آو¿ٹ ہوئے۔ مچل سٹارک، پیٹ کمنز اور جیمز فالکنر بھی زیادہ کچھ نہ کر سکے اور پوری ٹیم 220 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ محمد عامر نے تین جبکہ جنید خان اور عماد وسیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے 221 رنز کا تعاقب شروع کیا تو پہلے ہی اوور میں سلپ میں کھڑے سٹیون سمتھ محمد حفیظ کا کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔ حفیظ اور شرجیل نے پہلی وکٹ کیلئے 68 رنز جوڑ کر ٹیم کو اچھی بنیاد فراہم کی، شرجیل 29 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے۔ حفیظ نے بابر اعظم کےساتھ دوسری وکٹ کیلئے 72 رنز جوڑے، بابر اعظم تھرڈ مین پر کھڑے فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 34 رنز بنائے۔ جیمز فالکنر کی گیند پر حفیظ کو وکٹ گنوانی پڑی، انہوں نے 72 رنز بنائے۔ شعیب ملک اور اسد شفیق نے مجموعے کو 195 تک پہنچا دیا، اسی سکور پر اسد شفیق نے مچل سٹارک کی گیند پر اپنی وکٹ تحفتاً پیش کی۔ عمر اکمل اور شعیب ملک نے مزید کسی نقصان کے بغیر پاکستان کو ہدف تک رسائی دلا کر چھ وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔ شعیب ملک 42 اور عمر اکمل 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ محمد حفیظ کومین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان نے دوسرے میچ کیلئے ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں۔ ان فٹ کپتان اظہر علی کی جگہ اسد شفیق‘ فاسٹ باو¿لر وہاب ریاض کی جگہ جنید خان جبکہ محمد نواز کی جگہ شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں‘ جوش ہیزل ووڈ نے سٹین لیک جبکہ عثمان خواجہ نے کرس لین کی جگہ لی۔ تیسرا ون ڈے میچ 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ جیت پر کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھاکہ جیت کا راستہ کھل گیا، اگلے میچ بھی ہم ہی جیتیں گے۔ لڑکوں نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی اور خاص کر ہمارے باﺅلرز نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عماد وسیم نے خاص طور پر اچھی باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا۔ بلے بازوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے دورہ میں پہلی بار کینگروز کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے ساز گار تھی مگر ہمیں جیت کیلئے مزید 40 رنز بنانے چاہیے تھے۔ ہمیں اچھی پارٹنرشپ بنانے کی ضرورت تھی جو ہم گزشتہ دو میچوں سے نہیں بنا پا رہے ہیں۔ جب سپنرز آئے تو ہم نے 3 سے چار وکٹیں گنوا دیں جبکہ ہمیں پاکستان کیخلاف قدرتی کھیل کھیلنا چاہیے تھا۔کرس لین کافی زخمی ہیں ان کی جگہ تیسرے میچ میں کسی اور کو ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ گرین شرٹس کی جیت پر ملک بھر میں جشن منایا گیا۔

ای پیپر دی نیشن