شیخوپورہ (آن لائن) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اینڈ سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس دنیا کی جدیدترین جوہری اور میزائل ٹیکنالوجی ہے۔ بھارت کا ہر شہر ہمارے میزائل کے نشانے پر ہے۔ بھارت پاکستان میں کسی بھی قسم کا ایڈونچر کرنے کا شوق پورا کر لے بھارت کو ایسا دندان شکن جواب ملے گا کہ اس کی آئندہ آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ بھارتی آرمی چیف کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور دھمکی آمیز ہے ایسے بیانیہ کو غیر سنجیدہ نہیں لیا جا ئے گا۔ پاکستان کا دفا ع ناقابل تسخیر ہے۔ بھارت کی غلط فہمی جلد دور کردینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ٹھٹھہ اکبر شاہ میں سوئی گیس فراہمی منصوبہ کے افتتاح کے موقع پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ رانا تنویر نے کہا توانا ئی کے بحران پر قابو پالیا گیا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کئے۔ بدقسمتی سے گزشتہ ساڑھے چار سالوں سے ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ عوام کو سب کچھ نظر آرہا ہے کہ کون کام کرہا ہے اور کون انتشار پھیلا رہا ہے۔ ہم نے جمہوریت پر ہی چلنا ہے۔ عوام کا فیصلہ ہمارے حق میں ہی آئے گا۔ انقلاب اور نیا پاکستان کے دعویداروں نے جو اس ملک کا حال کیا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ مسلم لیگ(ن) اپنی کارکردگی پر الیکشن 2018ء میں بھی ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے دائرے میں شمولیت سے فاٹا کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے۔
رانا تنویر