لاہور (خصوصی نامہ نگار + خبرنگار) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے پرسوں پاکستان عوامی تحریک کے زیرِاہتمام ہونے والے احتجاجی جلسہ میں شرکت کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے لاہور ڈویژن کی تنظیمات کو ہدایت کی ہے یہ احتجاجی پروگرام پوری قوم کی آواز ہے ، سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء اور سانحہ اسلام آباد میں ختمِ نبوت کے پروانوں کی قربانیاں انشاء اللہ ضرور رنگ لائیں گی اور موجودہ حکمران عبرت ناک انجام کو پہنچیں گے، انہوں نے کہا سانحہ قصور کے بعد شہباز شریف سمیت صوبائی حکومت کا حکمرانی کا جواز ختم ہو چکا ہے۔ خبرنگار کے مطابق پرسوں آل پارٹیز احتجاجی جلسہ کیلئے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے دو رکنی انتظامی کمیٹی کے ناموں کی منظوری دیدی۔ کمیٹی میں پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن اور فنانس سیکرٹری پنجاب عاصم بھٹی شامل ہوں گے۔ آل پارٹیز آرگنائزنگ کمیٹی میں تمام جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔