ٹوبہ: بس اور کیری ڈبہ میں تصادم‘ میاں بیوی‘ 3 بیٹیوں سمیت جاں بحق‘ 9 زخمی

ٹوبہ ٹیک سنگھ، چیچہ وطنی ، کسووال، کمالیہ، جکھڑ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی + آن لائن) مسافر بس کی کیری ڈبے کو ٹکر سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد میاں بیوی اور تین بچیاں جاں بحق جبکہ 9 افراد شدید زخمی ،دو افراد کی حالت تشویش ناک ،خوشیوں سے بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گائوں چک نمبر 317ج ب (نورپور) کے رہائشی عبدالرشید، اسکی بیوی شمیم، ان کی تین بیٹیاں اور دیگر رشتہ دار کیری ڈبہ میں سوار ہوکر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے محلہ غازی آباد میں منگنی کی رسم کیلئے آرہے تھے کہ غازی آباد کے قریب رجانہ روڈ پر یوٹر ن لیتے ہوئے کیری ڈبہ تیز رفتار مسافر اے سی بس کی زد میں آگیا۔ بس کی ٹکر سے کیری ڈبہ بری طرح تباہ ہوگیا ،جبکہ کیری ڈبے میں سوار تمام افراد بری طرح زخمی ہوگئے ،جن میں سے عبدالرشید، اسکی بیوی شمیم بی بی اور تین بیٹیاں شگفتہ،نازیہ اور شازیہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق جبکہ شدید زخمیوں فیضان،شازیہ،نعیم، افضل، اوریا اور فائزہ کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لے جایا گیا ،جہاں فیضان اور شازیہ کی تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں فیصل آباد ریفر کردیا گیا۔ حادثہ کے بعد بس ڈرائیور بس سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ،چند ہی لمحوں میں شادی کیلئے منگنی کی تیاریوں میں مصروف خاندان لقمہ اجل بننے سے خوشیوں سے بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا، وہاں قیامت صغریٰ کا منظر اور ہر آنکھ آشکبار تھی۔ بتایا جاتاہے کہ کیری ڈبہ میںکم سن بچوں سمیت 16 افراد محلہ غازی آباد میں منگنی کرنے کیلئے جا رہے تھے۔ دوسری جانب چیچہ وطنی کمالیہ روڈ پرمسافر ویگن میں آتشزدگی سے پانچ خواتین اور تین بچوں سمیت 11 مسافر جھلس گئے۔ ریسکیوذرائع کے مطابق واقعہ کلیرا راجباہ کے قریب پیش آیا جہاں فیصل آباد سے چیچہ وطنی آنیوالی مسافر ویگن میں سی این جی سلنڈر سے گیس لیکیج کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے پانچ سالہ حمزہ، ایک سالہ مہرین، 40 سالہ کوثر بی بی، تین سالہ نورین، 42 سالہ سعد علی، 45 سالہ آسیہ بی بی، پانچ سالہ چسمہ کنول اور 40 سالہ یاسمین جمیل سمیت 11 مسافر جھلس کر زخمی ہوگئے۔ 8 شدید زخمیوں کوتحصیل ہسپتال سے طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان اور ڈی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال منتقل کردیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...