لاہو(خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گذشتہ روز علی الصبح لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا۔ وزیراعلی کوسٹر میں بیٹھ کر اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے دورے کے لئے روانہ ہوئے اور 2گھنٹے تک منصوبے کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور میٹرو ٹرین کے منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے سول، مکینیکل اور الیکٹریکل کاموں پر پیش رفت کاجائزہ لیا اور مختلف سٹیشنوں کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ منصوبے کے انڈر گرائونڈ حصے میں بھی گئے اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور منصوبے پر 24گھنٹے کام جاری رکھا جائے۔وزیر اعلیٰ نے دورہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا یہ منصوبہ عام آدمی کو باوقار اور عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا اور منصوبے کی تکمیل سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب برپاہو گا۔لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے ۔ تاخیر کا ازالہ محنت، عزم اور جذبے کے ساتھ کریں گے۔ منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے سب نے ملکر کام کرنا ہے۔وزیر اعلیٰ نے دورے کے دوران شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کی وجہ سے یہ منصوبہ رکا رہا۔ پی ٹی آئی نے اس منصوبے میں 22ماہ کی تاخیر کرائی لیکن اب اس پر دن رات کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا عوام کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولتوں سے محروم رکھنے والی جماعت نے اپنے صوبے میں کچھ نہیں کیا۔اورنج لائن میٹرو ٹرین عام آدمی کی باوقار سواری ہے -تحریک انصاف نے اس منصوبے میں تاخیر کرا کے لاہور کے عوام سے دشمنی کی ہے -پی ٹی آئی نے اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر چھپے ہوئے دشمن کی طرح وار کیا۔لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین نے گزشتہ ماہ 25 دسمبر کو چلنا تھا اور اپنا جادو جگانا تھا اور ڈیرہ گجراں سے علی پور تک روزانہ تین لاکھ لوگوں نے ٹرین پر سفر کرنا تھالیکن پی ٹی آئی نے غریب عوام سے کھلی دشمنی کی اور اس نے لاہور کے عوام کے ساتھ بھی دشمنی کی - انہوںنے خیبر پی کے اور پشاور کے عوام کا بھی وقت برباد کیا ہے -وزیراعلی نے کہا بعض سیاسی عناصر نے اس منصوبے میں رکاوٹیں ڈال کر عوام سے کھلی دشمنی کا مظاہرہ کیاہے - یہ وہ لوگ ہیں جو ا پنے صوبے میں میٹروبس پراجیکٹ کی ایک اینٹ نہیں لگا سکے ۔ منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لئے جان لڑا دیں گے ۔وزیراعلیٰ نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے دورے کے بعد ماڈل ٹائون میں منصوبے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میںوزیراعلی کو منصوبے پر ہونے وا لی پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔سی آر-نورینکو کے حکام کی جانب سے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی جی پی او چوک کی بندش کے باعث ٹریفک کے مؤثرمتبادل انتظامات ہونے چاہیے تا کہ شہریوں کو آمدورفت میں کم سے کم تکلیف ہو۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے گزشتہ رات گئے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے وزیراعلی کو قصورمیں پیش آنے والے افسوسناک واقعات پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا - اجلاس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ آرپی او ملتان ، آرپی او شیخوپورہ ، ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی اور متعلقہ حکام نے قصور سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔وزیراعلی نے ہدایت کی کمسن بچی کے قتل میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کارلائے جائیں۔ انہو ںنے کہا فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دو افراد کے خاندانو ںکو بھی ہر قیمت پر انصاف دیاجائے گا ۔انہوں نے متعلقہ حکام کوہدایت کی قصور میں جدید ترین کیمرے لگانے کے لئے فوری اقدامات شروع کئے جائیں۔
تحریک انصاف نے میٹروٹرین منصوبے میں 22 ماہ تا خیر کرائی , جلد مکمل کرنے کیلئے جان لڑا دینگے:شہباز شریف
Jan 15, 2018