لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) ہاکی شائقین کیلئے بری خبر، پاکستان ہاکی فیڈریشن پر انٹرنیشنل معطلی کی تلوار لٹکنے لگی۔ پروہاکی لیگ میں شرکت نہ کی تو دو سال کی پابندی عائد کر دی جائے گی۔ پروہاکی لیگ کا آغاز 2 فروری سے ارجنٹینا میں ہوگا جس میں قومی ٹیم دنیائے ہاکی کی ٹاپ آٹھ ٹیموں سے میچ کھیلے گی جبکہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث قومی ہاکی ٹیم کی شرکت کی ابھی تک تصدیق نہ ہو سکی۔ فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی نے پی ایچ ایف کو وارننگ جاری کر دی ہے کہ پاکستان نے ہاکی پرولیگ میں شرکت نہ کہ تو اس پر دو سال کی پابندی لگا دی جائیگی۔ قائم مقام سیکرٹری پی ایچ ایف اخلاق عثمانی کا کہنا ہے کہ فنڈز کی وجہ سے ہاکی پرولیگ میں شرکت نہ کی تو دو سال کی پابندی لگ جائیگی، دو سال انٹرنیشنل ہاکی نہ کھیلی تو ٹاپ ففٹی میں بھی نہیں رہیں گے ، حکومت پاکستان کو انٹرنیشنل پابندی سے بچانے کیلئے فوری طور پر فنڈ جاری کرے۔ قومی ہاکی ٹیم کی پروہاکی لیگ میں شرکت کیلئے پانچ کروڑ سے زائد کی لاگت آئے گی جبکہ کھلاڑی ابھی بھی حکومتی فنڈز کے منتظر ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن پر بین الاقوامی معطلی کی تلوار لٹکنے لگی
Jan 15, 2019