لاہور (نوائے وقت) آسٹریلیا میں نقاب پہنے دو خواتین کومسلمان ہونے کی بناءپر مذہبی تعصب کا ن شانہ بنائے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میلبرن کی ایک ٹرین میں ایک خاتون نے پہلے دین اسلام کی توہین کی پھر ٹرین میں موجود نقاب پہنے ایک خاتون نے اس کا نقاب بھی اتار دیا۔ فہیمہ عدن نامی مسلمان خاتون نے بتایا کہ اس نے دیکھا کہ ٹرین میں ایک پاگل خاتون اسلام کے خلاف باتیں کر رہی ہے ایک مسلمان خاتون کا اسکارف اتارنے کی کوشش کر رہی ہے۔ فہیمہ عدن نے مزید بتایا کہ جب اس نے دوسری مسلمان خاتون کوبچانے کی کوشش کیتو اسلام مخالف خاتون نے مجھ پر بھی حملہ کردیا جس سے مجھے خراشیں بھی آئیں۔ فہیمہ عدن نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ٹرین میں پیش آنے والے حادثے نے میری آنکھیں کھول دی ہیں۔ مسلمان خاتون نے مزید لکھا کہ ٹرین میں موجود کسی بھی شخص نے حملہ کرنے والی عورت کو روکنے کی کوشش نہیں کی جب سب نے دیکھا کہ میں اپنا دفاع کر رہی ہوں تو ایک شخص نے اس عورت کو روکا۔ فہیمہ عدن نے کہا کہ مجھے اسواقعے پر بہت دکھ ہوا کیونکہ میں بھی ایک آسٹریلین شہری ہوں اور دوسرے شہریوں کی طرح پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتی ہوں۔ متاثرہ مسلمان خاتون نے بتایا کہ وہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک پولیس کا انتظار کرتی رہیں لیکن پولیس نہیں آئی۔ بعدازاں پولیس نے مسلمان خواتین پر حملے کے الزام میں کیٹون کی ایک 39 سالہ خاتون کوحراست میں لیا جسے بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔