کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی پولیس نے کسی بھی واردات کی فوری رپورٹ اور امداد کے جدید ترین موبائل فون ایپلیکیشن (پولیس فار یو) تیار کر لی ہے۔ اس موبائل فون ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے چند سیکنڈ میں واردات کی فوری رپورٹ درج کرائی جا سکے گی۔ کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے جدید ترین موبائل فون ایپ کو کراچی کے شہریوں کیلئے نئے سال کا تحفہ قرار دیا ہے ۔جس میں غیر ملکی قونصل خانوں کی سیکورٹی اور فوری رسپانس کا آپشن بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موبائل فون ایپ کو گوگل سے بھی منسلک کیا گیا ہے اس پر کراچی پولیس فوری مدد کو پہنچے گی جبکہ ضلعی سطح پر وکٹم سپورٹ سروس ڈیسک شکایات کو مانیٹر کرے گی اور متعلقہ شہری کا پولیس سے رابطہ کرائے گی۔ ڈاکٹر امیر شیخ نے کہاکہ ہم کراچی پولیس کو بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں اس سے کرائم ریکارڈ رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ایپ کو شہریوں کیلئے مفید اور سودمند بنانے کیلئے گوگل اور بین الاقوامی اداروں سے بھی مدد لی گئی ہے۔
کراچی، گھر بیٹھے ایف آئی آر درج کرانے کیلئے موبائل فون ایپ تیار
Jan 15, 2019